ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ’کشمیر فائلز‘ کو لے کر ہندوستان کو شرمندگی کا سامنا: پروپیگنڈہ فلم قرار دینے پربھگوا خیمہ چراغ پا

’کشمیر فائلز‘ کو لے کر ہندوستان کو شرمندگی کا سامنا: پروپیگنڈہ فلم قرار دینے پربھگوا خیمہ چراغ پا

Wed, 30 Nov 2022 11:24:30    S.O. News Service

گوا30؍نومبر(ایس او نیوز؍ایجنسی)ایک فلم کو لے کر ہندوستان کو اس وقت سخت شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا جب انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا (اِفّی) میں عالمی فلم میلہ کی جیوری کے سربراہ نے گوا میں منعقدہ اختتامی پروگرام میں فلم کشمیر فائلز کو پروپیگنڈہ اور بھونڈی فلم قراردیا۔

کشمیری  پنڈتوں  پر بنائی گئی فلم ’’کشمیر فائلز‘‘ کو بھونڈی اور پروپیگنڈہ فلم قرار دینے کے بعد بھگوا عناصر چراغ پا ہوگئے ہیں جبکہ فلم سے وابستہ افراد تلملا اٹھے ہیں۔ سپریم کورٹ کے ایک وکیل  ونیت جندل نے تو نادو لاپڈ کے خلاف پولیس میں شکایت تک درج کرادی ہے۔ 

 اسرائیلی فلم ساز نادو لاپڈ جو گوا میں منعقدہ ۵۳؍ ویں  انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا (ایفّی)  کی جیوری کے سربراہ تھے، نے فلم میلہ کے اختتام پرمرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر سمیت کئی بڑے لیڈران کی موجودگی میں کہا کہ فیسٹیول میں کشمیر فائلز جیسی  فلم دکھائی جانے سے ہم پریشان ہیں۔ یہ فلم بہت  ’ولگر‘ (بھونڈی) ہے۔  اداکار انوپم کھیر اور فلم ساز اشوک پنڈت نے لاپڈ کے بیان پر  ناراضگی ظاہر کی ہے۔انوپم کھیر نے کہا کہ ’’ایشور انہیں سمجھ عطا کرے۔‘‘ جبکہ اشوک پنڈت نے کہا کہ ’’کشمیر  فائلس کو ولگر نہیں کہا جا سکتا۔ ‘‘ انہوں نے چیلنج کیا کہ اگر فلم کو غلط ثابت کردیا جائے تو وہ فلمی دنیا سے علاحدگی اختیار کرلیں گے۔ انوپم کھیرنے یہ اندیشہ بھی ظاہر کیا کہ لاپڈ کا اس طرح کشمیر فائلز کو تنقید کا نشانہ بنانا پہلے سے طے شدہ سازش کا نتیجہ ہوسکتاہے۔ بھگوا عناصر کے ہنگامے کے بعد فلم فیسٹیول کی جیوری کے چند اراکین  نے بھی اس بیان سے خود کو علاحدہ کرلیا ہےاور کہا ہے کہ یہ لاپڈ کی ذاتی رائے ہے۔

  لاپڈ نے اپنے بیان میں کہا کہ فلم دی کشمیر فائلس کو دیکھ کر ہم جیوری کے تمام اراکین  پریشان اور حیران تھے۔ ہمیں یہ فلم ولگر اور پروپیگنڈے پر مبنی لگی۔ اس طرح کی فلم ایسے باوقار فلمی فیسٹیول کے لیے مناسب نہیں ہے۔


Share: